ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی شہر کے قلبی علاقوں میں انہدامی مہم چلانے کی تیاریوں میں،بڑے نالوں پر قبضہ ہٹانے کا سلسلہ جاری رہے گا

بی بی ایم پی شہر کے قلبی علاقوں میں انہدامی مہم چلانے کی تیاریوں میں،بڑے نالوں پر قبضہ ہٹانے کا سلسلہ جاری رہے گا

Mon, 22 Aug 2016 20:35:25    S.O. News Service

بنگلورو22؍اگست(ایس او نیوز)مہادیو پورہ ، یلہنکا، راجہ راجیشوری نگر اور دیگر علاقوں میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضہ جات کو ہٹانے کیلئے برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی انہدامی مہم آج بھی جاری رہی۔ بڑے نالوں پر قابض مکینوں اور اثاثہ مالکان میں دہشت کا سلسلہ برقرار رہا۔ سب کو یہ خوف لاحق ہوگیا ہے کہ کب ان کی املاک کو بی بی ایم پی نشانہ بنائے گی۔ انہدامی مہم کے دوران بی بی ایم پی نے جو مکانات منہدم کردئے ہیں وہ مکین اب اپنے لئے متبادل مکان کی تلاش میں لگے ہوئے ہیں۔ اپنے منہدم مکانات کے قریب ہی متبادل مکان کی تلاش بسیار کے بعد یہ لوگ دور درازعلاقوں میں منتقل ہونے کیلئے مجبور ہوگئے ہیں۔ بعض مکین عارضی طور پر اپنے رشتہ داروں کے مکانات میں مقیم ہیں تو کچھ لوگ معمولی کرایوں کے مکانات میں رہنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ دوسری طرف مزید مکانات کی انہدامی کیلئے نشاندہی کا سلسلہ جاری ہے۔ مضافاتی علاقوں ، راجہ راجیشوری نگر، مہادیو پورہ ، کرشنا راج پورم وغیرہ میں انہدامی مہم مکمل کرنے کے بعد بی بی ایم پی نے اب شہر کے قلبی علاقوں کی طرف منتقل ہونے کی تیاریوں میں ہے۔ چک پیٹ کے رکن اسمبلی آر وی دیوراج نے از خود اپنی پائی وائی بھو ہوٹل کی عمارت کا جزوی حصہ جو نالے پر تعمیر کیا گیاتھا رضاکارانہ طور پر منہدم کروادیا۔ بی بی ایم پی افسران نے بتایاکہ آنے والے دنوں میں شہر کے بائر سندرا ، جے نگر ، جے پی نگر اور بنگلور ساؤتھ کے دیگر علاقوں میں بڑے نالوں پر غیر قانونی قبضہ جات کو ہٹانے کیلئے مہم شروع کرے گی۔ اس سلسلے میں عمارتوں کی نشاندہی کی غرض سے سرویرس مقرر کئے جاچکے ہیں ،ان کی رپورٹ ملنے کے بعد اثاثہ مالکان کو نوٹس جاری کیا جائے گا اور انہدامی کارروائی اسی کے ساتھ آگے بڑھائی جائے گی۔ بی بی ایم پی افسران نے کہاکہ شہر میں جہاں بھی نالوں پر غیر قانونی قبضے ہوئے ہیں ان کو ہٹانے کیلئے وزیر اعلیٰ سدرامیا کی سخت ہدایت کے پیش نظر انہدامی مہم آگے بڑھائی جائے گی۔


Share: